اینٹی نارکوٹکس فورس نے انٹرنیشنل کنسائنمنٹ کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

60
ANF ​​operation against drug
ANF

راولپنڈی۔2اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی میں انٹرنیشنل کنسائنمنٹ کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کے مطابق چار مختلف ممالک کے لیے مٹھائی کے ٹِنوں میں مہارت سے چھپائی گئی ہیروئن اور آئس برآمد کی گئی ۔

خفیہ اطلاع پر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے کراچی میں واقع کورئیر آفس میں یو کے، سری لنکا ،ہانگ کانگ اور نیوزی لینڈ بھیجے جانیوالے حبشی حلوہ کے درجنوں ٹِنوں میں مہارت سے چھپائی گئی منشیات قبضے میں لے لی۔یو کے برمنگھم بھیجے جانیوالے 40 میں سے 6 ٹِنوں میں چھپائی گئی 2.1 کلو ہیروئن برآمدکی گئی ۔ سری لنکا کولمبو بھیجے جانیوالے 40 میں سے 4 مٹھائی ٹِنوں میں سے 1.4 کلو ہیروئن برآمدکی گئی جبکہ ہانگ کانگ بھیجے جانیوالے 40 میں سے 10 مٹھائی کے ٹِنوں میں سے 3.6 کلو آئس برآمدکی گئی ۔ چوتھی کنسائنمٹ نیوزی لینڈ کے لیے بُک گئی اور 40 مٹھائی ٹِنوں میں 3.6 کلو آئس برآمدکی گئی ۔

ترجمان نے بتایاکہ مجموعی طور پر 9.55 ملین مالیت کی 3.5 کلو ہیروئن اور 7.2 کلو آئس قبضے میں لی گئی۔کارروائی کے دوران ملزم بھی گرفتارکیا گیا ۔ملزم نے تفتیش کے دوران ایک بڑے اور منظم منشیات نیٹ ورک کا بھی انکشاف کیاہے۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلئے آپریشن جاری ہے ۔ترجمان اے این ایف نے کہاکہ منشیات سمگلروں کی جانب سے نِت نئے طریقوں سے منشیات اسمگلنگ کو ناکام بنانے کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس کاروائیاں جاری رکھے گی۔ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات آغاز کر دیا گیا ہے۔