اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرلی

272

راولپنڈی۔2مارچ (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف)نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرلی ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق باڑہ سے پنجاب منشیات اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا کرپشاور رنگ روڈ حیات آباد ٹول پلازہ کے قریب کار سے  312 کلو چرس برآمد کرلی۔برآمدشدہ چرس پلاسٹک کے تھیلوں میں چھپا کر کار کی ڈگی اور پچھلی سیٹ میں رکھی گئی تھی کارروائی کے دوران مانسہرہ کے رہائشی 2 ملزمان گرفتارکیے گئے ۔

اے این ایف اور ایف سی کی کرک میں مشترکہ کارروائی کے دوران 10 کلو 800 گرام چرس برآمدکرلی۔اے این ایف اور ایف سی کی خیبر تیراہ چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کے دوران خیبر کے رہائشی ملزم سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمدکی گئی۔اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ فلائٹ نمبر GF 0771 سے بحرین جانے والےمُلزم کے پیٹ سے 4 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمدکیے گئے۔مظفر گڑھ کا رہائشی ملزم گرفتار کر لیا گیا ۔انٹرنیشنل میل آفس راولپنڈی میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران دوحہ بھیجے جانے والے واسکٹ پارسل میں مجموعی طور پر 5 کلو 950 گرام جزب شدہ آئس برآمد کی گئی جبکہ کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل سے 250 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔

شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کار سے 48 کلو افیون اور 33 کلو 600 گرام چرس برآمد کی گئی اور5 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔سیالکوٹ انٹرنیشنل میل آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانیوالے پارسل سے 3 کلو 560 گرام آئس برآمد کی گئی ،برآمدشدہ آئس کو غباروں میں چھپایا گیا تھا۔اے این ایف اور پنجاب رینجرز کی ہیڈ سلیمانکی کے قریب مشترکہ کارروائی کے دوران 2 ملزمان سے 1 کلو 880 گرام ہیروئین برآمد کی گئی ۔اے این ایف ترجمان نے بتایا کہ گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔