اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے پشاور میں کورئیر سروس کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔اتوار کوترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نوشہرہ سے زاہد الرحمان نامی ملزم گرفتار جس نے 11 منشیات بھرے پارسل مختلف شہروں کے لیے بک کیے تھے،منشیات والے پارسل 25، 26 مارچ اور 7 اپریل کو ضبط کیے گئےجو کہ مختلف شہروں کو بھیجے جا رہے تھے۔
پارسل میں سے 5.7 کلو چرس، 200 گرام آئس، 120 ایکسٹسی گولیاں، 150 گرام افیون، جعلی کرنسی اور 30 بور پستول بھی زاہد الرحمان کے قبضے سے برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم زاہد الرحمان کی دی گئی معلومات اور اے این ایف کی انٹیلیجنس کے ذریعے 11 اپریل کو منشیات اسمگلر محمد یونس کے سیالکوٹ ترسیل کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی۔ترجمان کے مطابق اے این ایف ٹیم کی مکمل نگرانی کے بعد حاجی کیمپ پشاور کے قریب 3 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیاجبکہ ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث کورئیر آفس کا ملازم بھی گرفتار کیاگیا،ملزمان کے قبضے سے 2 کلو چرس برآمد، تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان بین الصوبائی منشیات ترسیل میں ملوث تھے۔
ملزمان نے بارہ اور دیگر علاقوں سے منشیات حاصل کر کے کورئیر سروس کے ذریعے منتقل کیں۔اے این ایف کی آن لائن کورئیر نیٹ ورکس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آئی ہے،کورئیر سروسز سے مشتبہ پارسلز کی نگرانی سخت کرنے اور تعاون کی اپیل کی ہے۔اے این ایف کی منظم انٹیلیجنس، موثر کارروائیوں اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر مبنی کوششیں جاری ہے۔ آن لائن منشیات نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی تلاش میں پیش رفت کی جا رہی ہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔