راولپنڈی۔12مارچ (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں 8 کارروائیوں کے دوران 45 لاکھ سے زائد مالیت کی 61.488 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کی فروخت اور سمگلنگ میں ملوث 9 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ راولپنڈی میں بس اڈے کے قریب ملزم سے 500 گرام چرس برآمد کی گئی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودیہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 2.382 کلو آئس برآمد کی گئی، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے جوتوں سے 312 گرام چرس، لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والی خاتون سمیت مسافر کے پیٹ سے 100 عدد ہیروئن بھرے کیپسولز اور کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے مالدیپ بھیجے جانے والے پارسل سے 94 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
اسی طرح گجرات میں ریلوے پھاٹک کے قریب کار اور موٹر سائیکل سے مجموعی طور پر 36 کلو چرس برآمد کر کے 3 ملزمان کوگرفتارکر لیا، جی ٹی روڈ پشاور پر بس سٹاپ کے قریب لاوارث موٹر سائیکل میں چھپائی گئی 15.6 کلو چرس جبکہ اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب دو خواتین کے قبضے سے 6 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔