راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے8 انسداد منشیات کارروائیوں میں 305 کلو گرام سے زائد منشیات برآمدکرکے 12 ملزمان گرفتارکر لیے۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق ایم ون ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 72 کلو افیون اور 61 کلو 200 گرام چرس برآمدکی گئی ۔اس موقع پر شیخو پورہ کی رہائشی خاتون سمیت لاہور کا رہائشی مُلزم گرفتارکیا گیا ۔ایک الگ کارروائی میں ٹی چوک اسلام آباد میں ملزمان کے قبضے سے 2 کلو 400 گرام افیون برآمدکر کے راولپنڈی کے رہائشی دو ملزمان گرفتارکیے گئے ۔انڈس چورنگی کراچی پر 2 گاڑیوں سے 157کلو 200 گرام چرس برآمدکی گئی ۔
برآمد منشیات گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔اس موقع پر کراچی اور قلعہ عبداللہ کے رہائشی تین ملزمان گرفتارکیے گئے۔دریں اثناخیر پور روڈ سکھر پر خیر پور کے رہائشی ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمدکی گئی۔شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب مسافر بس میں موجود ملزمان سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی اورملتان کی رہائشی خاتون سمیت دوسرا ملزم گرفتارکیا گیا ۔
جروبی زخا خیل خیبر کے غیر آباد علاقے سے 3کلو 250 گرام آئس برآمدکی گئی۔پشاور ایئرپورٹ پر 2 کارروائیوں کے دوران بنوں کے رہائشی 2 ملزمان گرفتارکیے گئے ۔پرواز نمبر PK-257 کے ذریعے شارجہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 576 گرام وزنی چرس کے 3 کیپسول برآمد ہوئے۔
پرواز نمبر G-9555 کے ذریعے شارجہ روانہ ہونے والے ملزم کے پیٹ سے 106 گرام وزنی آئس کے 2 کیپسول برآمد ہوئے۔ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔