اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف 6 مختلف کارروائیاں ، 127 کلو منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار

129

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے منشیات کے خلاف 6 مختلف کارروائیوں میں 127 کلو منشیات برآمد کر کے 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ترجمان اے این ایف کی جانب سے ہفتہ کو جاری تفصیلات کے مطابق ایم 1 موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد پر ایک گاڑی سے 45 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ برآمد شُدہ چرس فیول ٹینک میں بنے خُفیہ خانے اور ایکسٹرا ٹائر (سٹپنی) سے برآمد کی گئی ہے۔ پشاور اور لاہور کے رہائشی ایک خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔ اسی طرح سوہاوہ جہلم پر ترکئی ٹول پلازہ کے قریب جہلم کے رہائشی ملزم کے بیگ میں چھپائی گئی 600 گرام چرس برآمد کر لی گئی

۔مزید برآں جڑانوالہ فیصل آباد کے قریب رکشہ میں چھپائی گئی 24 کلو افیون اور 42 کلو چرس برآمد کر کے فیصل آباد کے رہائشی مُلزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اے این ایف نے مین سپُر ہائی وے کراچی کے قریب کوئٹہ کے رہائشی ملزم سے 12 کلو چرس بھی برآمد کی ہے جبکہ کورئیر کمپنی کے ہیڈ آفس کراچی پر کاروائی میں 7 عدد دروازوں کے ہینڈلز پر مشتمل پارسل سے 735 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ برآمدہ ہیروئین سٹیل کے بنے ہینڈلز میں مہارت کے ساتھ چھپائی گئی تھی۔

مذکورہ پارسل برطانیہ کے لئے بُک کیا گیا تھا۔ ایک اور کارروائی میں ٹانک روڈ ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی دو ملزمان کے قبضے سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔