اینٹی نارکوٹکس کی ملک گیر کارروائیاں، 1296.964 کلو گرام منشیات برآمد، 16 ملزمان گرفتار، 14 گاڑیاں تحویل میں لے لیں

111

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس ملک بھر میں 21 مختلف کارروائیوں کے دوران 1296.964کلو گرام منشیات برآمد کرلی جس کی بین الاقوامی مالیت 89.039 ملین امریکی ڈالر ہے جبکہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث 16ملزمان کو حراست میں لے کر 14 گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 49.37 کلو گرام چرس، 21.274 کلو گرام ہیروئن، 1165.31 کلو گرام افیون، 6.010 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس)، 55 کلوگرام مارفین شامل ہے۔ اے این ایف بلوچستان نے بلائدہ کے قریب واقع حشاب تربت روڈ ، تحصیل تربت، ضلع کچھ کے قریب کھڑی ایک ٹیوٹا سرف کار کی تلاشی کے دوران کار میں موجود 20 کلو گرام افیون اور 6 کلو گرام ہیروئن بر آمد کر لی۔ دوسری کارروائی میں پولیس سٹیشن اے این ایف دالبدین نے ضلع چاغی کی تحصیل دالبدین کے پہاڑی علاقے براجی سے دو ایرانی موٹر سائیکلوں سے 45 کلو گرام مارفین اور 5 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) بر آمد کر لی۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف بلوچستان نے ضلع چاغی کی تحصیل دالبدین کے غیر آباد علاقے کلی حاجی نزر میں واقع ویران گھر سے دو عدد موٹر سائیکلیں اور 10 کلو گرام مارفین قبضے میں لے لی۔ چوتھی کارروائی میں اے این ایف بلوچستان نے اے کے موور بس سٹاپ کینٹ روڈ ضلع کوئٹہ کے قریب دوران کاروائی موٹر سائیکل سمیت 1.060 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے کر موقع پر موجود نوشکی کے رہائشی نصر اﷲ نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پانچویں کارروائی میں اے این ایف بلوچستان نے کلی نوہسر، کوئٹہ میں دوران کارروائی 925 کلو گرام افیون بر آمد کرلی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔ اے این ایف راولپنڈی نے چکلالا سکیم III میں واقع ایک پرائیویٹ کوریئر اینڈ کارگو آفس سے پارسل کو قبضے میں لے کر دوران تلاشی پارسل میں موجود 18 عدد مردانہ جیکٹوں سے 1 کلو گرام ہیروئن بر آمد کر کے موقع پر موجود راولپنڈی کے رہائشی محمد علی پراچہ نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف خیبر پختونخوا نے 104 ونگ خیبر رائفل FC (نارتھ) کے تعاون سے باڑا چوک ضلع خیبر میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو روک کر تلاشی کے دوران گاڑی کی ڈگی سے 81.250 کلو گرام افیون برآمد کی۔ مذکورہ گاڑی کو ایف سی کے جوانوں کی جانب سے رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار تیز کر دی۔ ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پکڑی گئی منشیات باڑا خیبر سے پشاور سمگل کی جانی تھی۔ دوسری کارروائی میں پولیس سٹیشن پشاور کے عملے نے ایف سی (نارتھ) کے تعاون سے ایک ٹیوٹا کورولا کار کو روک کر دوران تلاشی لی۔ کار میں موجود ایک بوری میں چھپائی گئی 16.5کلو گرام افیون برآمد کر کے موقع پر موجود لوئردیر کے رہائشی امان اﷲ اور کامران خان کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کارروائی میں پولیس اسٹیشن پشاور نے ایف سی (نارتھ) کے تعاون سے ضلع خیبر کے رہائشی تاج محمد نامی ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے ذاتی قبضے سے 4.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ چوتھی کارروائی میں اے این ایف پشاورنے کوہاٹ کے رہائشی واجد خان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو موقع پر گرفتارکر لیا۔ پانچویں کارروائی میں پولیس اسٹیشن ریجنل ڈائریکٹوریٹ خیبر پختونخوا نے 104 ونگ خیبر رائفلز کے تعاون سے ایک موٹر سائیکل کو روک کر دوران تلاشی 3.56 کلو گرام افیون اور 20.42 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ موٹر سائیکل پر سوار ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پکڑی گئی منشیات باڑہ، خیبر سے پشاور سمگل کی جا رہی تھی۔ چھٹی کارروائی میں اے این ایف پشاور نے این ایل سی کے تعاون سے طورخم بارڈر ٹرانزیکٹ میں دوران کارروائی سیبوں کی پیٹیوں میں چھپائی گئی 1.75 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے افغانستان کے رہائشی عزیز اﷲ کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ برآمد شدہ منشیات افغانستان سے پاکستان سمگل کی جا رہی تھی۔ ساتویں کارروائی میں اے این ایف پشاور نے ایف سی (نارتھ) کے تعاون سے موٹر کو کو روک کر اس پر موجود بوری کی تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 12.950 کلو گرام افیون برآمد کر کے اس پر سوار خیبر کے رہائشیوں عبدالرزاق اور اﷲ اﷲ کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ آٹھویں کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن ڈیرہ اسما عیل خان نے انڈس ہائی وے پر ایک ٹیوٹا کورولا کار کو روک کر دوران تلاشی کار کے دروازوں میں چھپائی گئی 3.6 کلو گرام چرس بر آمد کر کے لکی مروت کے رہائشی نعمت اﷲ کو موقع پر گرفتار کرلیا۔ اے این ایف پنجاب نے ڈسکہ ۔ پسرور انٹر چینج ڈیہڈو والی، سیالکوٹ میں دوران کارروائی ایک سوزوکی ویگن آر کار کو روک کر تلاشی لیتے ہوئے گاڑی کے خفیہ خانوں سے 1 کلو گرام افیون اور 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے نارووال کے رہائشی گل شیر کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی میں پولیس اسٹیشن ریجنل ڈاریکٹوریٹ لاہور نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ ، لاہور سے راولپنڈی کے رہائشی تصور نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے ٹرالی بیگ سے 9.04 کلو گرام ہیروئن برآمد کی۔ ملزم منشیات قطر ایئر ویزکی پرواز کے ذریعے لاہور سے میلان (اٹلی) جا رہا تھا۔ تیسری کارروائی میں اے این ایف پنجاب نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور میں واقع ایک بین الاقوامی کارگو آفس سے برطانیہ بھےیجے جانے والے 6 عدد آفس بیگ پر مشتمل ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں موجود ایک عدد آفس بیگ میں چھپائی گئی 2.424 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ مذکورہ پارسل سیالکوٹ کے رہائشی محمد عاصم علی کی جانب سے برہنگم میں موجود شیخ احمد کے لیئے بک کروایا گیا تھا۔چوتھی کارروائی میں پولیس اسٹیشن سیالکوٹ نے شہاب پورہ روڈ پر واقع صاحب میرج ہال سیالکوٹ کے قریب سیالکوٹ کے رہائشی قیصر ندیم نامی موٹر سائیکل سوار کو روک کر دوران تلاشی اس کے قبضے سے 1.05کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف پولیس سٹیشن میانوالی نے سرگودھا روڈ میانوالی پر واقع شیل پٹرول پمپ کے قریب میانوالی کے رہائشی اکرام اللہ نامی موٹرسائیکل سوار کو روک کر اس کے قبضے سے 9.5 کلوگرام چرس برآمدکر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف سندھ، پولیس سٹیشن ریجنل ڈائریکٹوریٹ سندھ نے سپر ہائی وے کراچی پر واقع الآصف سکوائر کے بالمقابل ٹوٹل پٹرول پمپ کے قریب دوران چھاپہ قمبر شہداد کوٹ کے رہائشی محمد رفیق نامی ملزم کے قبضے سے 1.01 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران پولیس سٹیشن ریجنل ڈائریکٹوریٹ اے این ایف سندھ نے اے این یف اکزامینیشن بدر الدین یارڈ، پی آئی سی ٹی، کراچی سے ایک کنسائنمنٹ کو تحویل میں لیکر دوران تلاشی رولنگ مل مشین میں چھپائی گئی 105.05 کلوگرام افیون برآمد کر لی۔ مذکورہ کنسائنمنٹ ایچ ۔ کے انٹرنیشنل لاہور کی جانب سے کینیڈا کے لئے بک کروائی گئی تھی۔ دوران کارروائی لاہور کے رہائشی شاہد محمد عمر نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں انسداد منشیات ایکٹ 1997ءکے تحت درج کر لئے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔