اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان نے کہا ہے کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے چار گینگز کے 12کارچور گرفتار کر کے مختلف ماڈلز کی چوری شدہ 20 گاڑیاں برآمد کی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان نے یہاں پولیس لائنز میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے چار گینگز کے 12کارچور گرفتار کئے ہیں اور ان کے قبضہ سے مختلف ماڈلز کی چوری شدہ 20گاڑیاں برآمد کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایکٹو کارچوروں کے گینگز میں جنید گینگ، حمزہ گینگ، جبران گینگ اور شفقت گینگ شامل ہیں۔گینگز کو مختلف آپریشنز، سرپرائز ناکہ جات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان نے کہا کہ گینگز سے اسلام آباد، راولپنڈی اور سندھ سے چوری کی گئیں گاڑیاں برآمد کی گئیں۔ملزمان ڈاون ماڈل کی کرولا، مہران، خیبر، بولان اور کلٹس گاڑیاں چوری کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان گاڑیوں کی عینک والے شیشے توڑ کر اور ماسٹر چابیوں کے ذریعے چوری کرتے تھے۔جنید گینگ رواں سال جنوری کے مہینے میں ایکٹو ہوا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس کارچوری کی سدباب کے لئے پوری طرح مستعد ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے گاڑیوں کی چابیاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیں اور گاڑیوں کے مالکان نے اسلام آباد پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔