26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںاینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے سال 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی

اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے سال 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی

- Advertisement -

پشاور۔ 29 جنوری (اے پی پی):اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے سال 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران دو اعشاریہ پانچ ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی، سال کے دوران کل 43 ایف آئی آر درج ہوئی جس میں کل 186 ملزمان چارج ہوئے۔ 92 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ 94 کی گرفتاری کےلئے کوششیں جاری ہیں، اسطرح سات اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جبکہ نو ملزمان کو رشوت لیتے ہوئے مجسٹریٹ کی موجودگی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

سال کے دوران 2200 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کی گئی۔ سال 2024 کے دوران اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلیے اقدامات کیے گئے جس میں واٹس ایپ ، آن لائن پورٹل اور دوسرے ذرائع سے شکایت درج کرنے کی سہولت دی گئی، صوبہ بھر میں ماہانہ بنیادوں پر کھلی کچہریوں کا انعقاد شروع کیا گیا جس میں ڈائریکٹوریٹ اور ریجنل دفتر میں باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد ہورہی ہیں، اس طرح وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی ہدایت پر ضروری ادویات کی دستیابی اور ادویات کی خریداری میں شفافیت کے حوالے سے مشیر وزیراعلی مصدق عباسی کی صدارت میں کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی نے نگران دور حکومت کے دوران محکمہ صحت میں ادویات کی خریداری میں خوردبرد کی تحقیقات کے دوران 4.4 ارب روپے کی ادویات کی خریداری میں 1.9 ارب کی خوردبرد کی نشاندہی کی جس میں محکمہ صحت کے سولہ افسران و اہلکار کو ملوث قرار دیا گیا۔

- Advertisement -

نیب نے اپنا قانون سیکشن 18 (ڈی) کو استعمال کرتے ہوئے یہی انکوائری اپنے پاس ریکوری کے لیے منگوائی تاکہ لوٹی ہوئی رقم کو ریکور کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس طرح 2024-25 کی ادویات خریداری کےلئے ٹھیکہ دینے کا مرحلہ موجودہ حکومت نے مکمل کردیا ہے، بارہ ارب کی مارکیٹ قیمت کی ادویات پانچ ارب میں خریدی جائیں گی جس سے خزانے کو تقریباً سات ارب کی بچت ہوگی. مزید برآں وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ہدایات پر مشیر وزیراعلی برائے اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا مصدق عباسی نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ معدنیات کی مدد سے ضلع نوشہرہ اور کوہاٹ میں اربوں روپے کی غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف آپریشن کیے۔ محکمہ معدنیات نے بعد میں سونے کی کان کنی کی نیلامی کرکے سرکاری خزانے کو پانچ ارب روپے فائدہ پہنچایا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553387

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں