اینٹی کرپشن کی کارروائی ، تحصیلدار کا اسسٹنٹ 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

280

سرگودھا ۔ 19 مارچ (اے پی پی):تحصیلدار سلانوالی ضلع سرگودھا کا اسسٹنٹ پچاس ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن تصور بوسال نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حبیب اللہ تحصیلدارسلانوالی کے اسسٹنٹ نے وراثتی تقسیم کے کیس میں پچاس ہزار روپے رشوت لیتے مجسٹریٹ وقاص ہاشمی کی موجودگی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ملزم سے رشوت میں لی گئی رقم پچاس ہزار روپے موقع پر برآمد کرلی گئی ہے ۔ محمد عمران نے رشوت خور ریونیو اہلکار کی بلیک میلنگ سے تنگ آ کر اینٹی کرپشن سرگودھا سے مجسٹریٹ وقاص ہاشمی کی موجودگی میں ریڈ کروایا ۔ تفصیلات کے مطابق محمد عمران کا تقسیم کا کیس تحصیلدار سلانوالی کے پاس چل رہا تھا جس میں ملزم حبیب اللہ اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر پہلے بھی پچاس ہزار روپے رشوت لے چکا تھا

اور آج مزید پچاس ہزار روپے رشوت وصول کر رہا تھا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن تصورعباس بوسال نے موقع پر ریڈ کر کے ملزم کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔ رشوت خور ملزم کو حوالات اینٹی کرپشن سرگودھا منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جس میں تحصیلدار سلانوالی کو بھی شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔