اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اینکر پرسن کی گرفتاری سے متعلق قیاس آرائی شرانگیز پراپگنڈہ مہم کاحصہ ہے ، شک کی بنیاد پر پٹیشن دائر کرنے والوں کو ثبوت دینے چاہئے تھے، یہ عمران صاحب کی فسطائی حکومت نہیں جس میں صحافیوں کو ٹارگٹ کیا جائے۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ اور معیشت کی بحالی وترقی ہے، جمہوری حکومت عوام کی خدمت کے لئے آئی ہے، انتقام لینے کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آئین شکن ، میڈیا اور عوام دشمن ٹولہ فیک نیوز نیٹ ورک بن چکا ہے، چار سال چینل، کالم، پروگرام بند کرنے، صحافیوں کی پسلیاں توڑنے والے آئینہ دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بے روزگار ٹولے کے پاس عوام کو بتانے کے لئے کچھ نہیں، آئین شکن سیاسی طور پر زندہ رہنے کے لئے ردعمل کی سیاست پر جی رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے جھوٹ نہ بولیں تو پھر سیاسی طور پر زندہ کیسے رہیں؟