28.2 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 18, 2025
ہومعلاقائی خبریںاین آئی آر سی نے عدالتی فیصلے پرعملدرآمد نہ کرنے پرپی آئی...

این آئی آر سی نے عدالتی فیصلے پرعملدرآمد نہ کرنے پرپی آئی اے کے 3آفیسران پر 6ماہ قید اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 15 اپریل (اے پی پی):نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی ) کوئٹہ کے ممبر عبدالغنی مینگل پرمشتمل بینچ نے عدالتی فیصلے پر عدم عملدرآمد پر پی آئی اے کے 3آفیسران کو6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنادی ۔منگل کے روز نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی ) کوئٹہ کے ممبر عبدالغنی مینگل پرمشتمل بینچ نے توہین عدالت سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کیا۔فیصلے میں کہاگیاہے کہ پی آئی اے ملازمین مطیع اللہ ،عطاء جان ،نعیم احمد ودیگر نے ممتاز قانون دان اعظم جان زرکون ایڈووکیٹ کے توسط سے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی وتوہین عدالت پر این آئی آر سی سے رجوع کیاتھا ۔کیس میں پی آئی اے آفیسران ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے خرم مشتاق ،چیف ہیومن ریسورس آفیسر پی آئی اے اطہر حسین ،جنرل منیجر پی آئی اے بلوچستان صادق محمد لودھی کی جانب سے سید اقبال شاہ نے کیس کی پیروی کی۔

عبدالغنی مینگل پر مشتمل بینچ نے تحریری فیصلے میں کہاہے کہ درخواست گزارلیبر کورٹ میں درخواست جمع کروائی تھی کہ وہ کئی سالوں سے پی آئی اے میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں لیکن انہیں ریگولرائز نہیں کیاگیا جس کے خلاف انہوں نے 17اگست 2011ء کو لیبر کورٹ سے رجوع کیاتھالیکن لیبر کورٹ نے درخواست خارج کردی جس کے بعد درخواست گزاروں نے لیبر اپیلٹ ٹریبونل بلوچستان سے رجوع کیا ، ٹریبونل نے لیبر کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حکم دیاتھاکہ مذکورہ درخواست گزاران کو 3ماہ کی پروبیشنری مدت کے بعد پچھلے فوائد کے بغیر انہیں مستقل کیاجائے۔پی آئی اے حکام نے24مارچ2012ء کولیبراپیلٹ ٹریبونل بلوچستان کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیاتھالیکن ہائی کورٹ نے 29دسمبر 2016ء کو درخواست خارج کردی جس کے بعد سی پی نمبر781/2017ء کے تحت فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیاگیا

- Advertisement -

تاہم سپریم کورٹ نے 29مارچ2018ء کو درخواست خارج کردی ۔این آئی آر سی ٹریبونل نے کہاکہ درخواست گزاروں کی جانب سے 11جون 2018ء کو لیبر اپیلیٹ ٹریبونل بلوچستان کے 24مارچ 2012ء کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق درخواست دائر کی گئی لیکن 7سال گزرنے کے باوجود فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیاگیابلکہ دیکھنے میں آیاکہ جواب دہندگان کی جانب سے جان بوجھ کر کمیشن میں سمنز کے باوجود پیشی کو نظرانداز کیا۔کمیشن کے بینچ نے اپنے فیصلے میں ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے خرم مشتاق ،چیف ہیومن ریسورس آفیسر پی آئی اے اطہر حسین ،جنرل منیجر پی آئی اے بلوچستان صادق محمد لودھی کوعدالتی فیصلے پر عدم عملدرآمد اور توہین عدالت پر6 ماہ قید کی سزا اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزمان کومزیدایک ماہ قید کی سزا ہوگی ۔

بینچ نے فیصلے میں کہاہے کہ مذکورہ تینوں ملزمان ملک کے کسی بھی سرکاری ادارے میں کسی بھی عہدے پر تعینات نہیں ہوں گے ،جرمانے کی رقم ملزمان کے منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد سے ریکور کی جائے ۔بینچ نے ملزمان کو کسی بھی بینک سے قرض یا ایڈوانس کی مد میں مالی سہولت کے حصول کیلئے بھی نااہل قراردیتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز سے ان کی مراعات روکنے کا حکم دیدیا۔کمیشن کے بینچ نے ملزمان کی عدالت میں عدم پیشی پر آئی جی پولیس اسلام آباد ،بلوچستان سمیت متعلقہ تھانوں کو ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے جبکہ فیصلے کی کاپی وزارت دفاع کو بھی ارسال کردی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582309

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں