اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل فلڈر ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینیٹر (این ایف آر سی سی ) کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال، وزارت فوڈ سیکیورٹی کے حکام، صوبائی سیکرٹریز زراعت نے شرکت کی۔
فورم کو سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کے اقدامات ، دریاؤں، ڈیموں میں پانی کی آمد و اخراج پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری مشترکہ سروے پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔جس کے مطابق خیبرپختونخوا کے 20 اضلاع ، بلوچستان کے 26 اضلاع میں مشترکہ سروے مکمل ہوچکا ہے جبکہ سندھ کے 22،
بلوچستان کے 6 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع اور پنجاب کے 2 اضلاع سروے جاری ہے۔این ایف آر سی سی نے ہدایت دی کہ مشترکہ سروے جلد مکمل کرنے کے لیے ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔
اجلاس میں متاثرہ کسانوں کو ربیع کی فصل کے بیج کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ وزارت فوڈ سیکیورٹی اور صوبوں کو بیجوں کی خریداری اور تقسیم کا معاملہ فوری طور پر حل کر ے ۔ ٹانک میں متاثرین کے لیے ماڈل ولیج کے قیام کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی ۔