این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کی پاکستان میں لاجسٹک ڈیلیوری کے نظام کو جدید بنانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری

181
NLC and DP World
NLC and DP World

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ نے پاکستان میں لاجسٹکس اور ڈیلیوری کے نظام کو جدید بنانے کے لیے ایک اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا باضابطہ اعلان کیا ہے جس سے لاجسٹکس انڈسٹری میں بہتری کے لیے نئے معیارات قائم کرنے میں مدد ملے گی۔اتوار کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان تاریخی تعاون اقتصادی ترقی کے لیے کام کرے گاجو تجارت اور رابطوں کو بڑھا کر پاکستان اور خطے کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرے گا۔اس شراکت داری کے حوالے سے کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے سینئر حکام، حکومتی نمائندے اور تاجر برادری کے اراکین بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلطان احمد بن سلیم نے پاکستان کی سب سے بڑی لاجسٹک تنظیم کے ساتھ شراکت داری پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔اس تعاون کو پاکستان کے لاجسٹک سیکٹر کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ این ایل سی کی وسیع علاقائی مہارت اور ڈی پی ورلڈ کی عالمی صلاحیتیں لاجسٹک انڈسٹری کے لیے ایک مضبوط بنیاد قائم کریں گی جس کا براہ راست فائدہ کاروباری برادری کو پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی ورلڈ کو سمارٹ ٹریڈ اور لاجسٹکس میں ایک رہنما کے طور پر عالمی سطح پر پہچانا جاتا ہے اور اس تعاون سے پاکستان میں اہم سرمایہ کاری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ شراکت داری سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، تجارتی حجم بڑھانے اور کاروباری برادری کو عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں مدد ملے گی۔سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ اس تعاون سے لاجسٹک انڈسٹری میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں عالمی معیارات اور طریقوں کو متعارف کرائے گا۔شراکت داری میں پاکستان میں جدید لاجسٹک پارکس کی تیزی سے ترقی شامل ہے۔ مزید برآں جبل علی پورٹ سے کراچی اور دیگر علاقائی ممالک تک کنٹینرز کی آمدورفت شروع ہو چکی ہے۔این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ ڈی پی ورلڈ کے ساتھ شراکت داری این ایل سی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تعاون نقل و حمل کے شعبے میں جدت کو فروغ دے گا اور پاکستان کو ایک علاقائی تجارتی مرکز کے طور پر جگہ دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرے گی اور روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تعاون کے ذریعے بنیادی ڈھانچے اور رابطے کو مضبوط بنانا تجارت کو مزید ہموار کرے گا۔معاہدے کے تحت دو جوائنٹ وینچر کمپنیاں قائم کی گئی ہیں۔

لاجسٹک جوائنٹ وینچر کمپنی جدید ترین سہولیات اور بہترین طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف صنعتوں میں سپلائی چین کی کارکردگی میں اضافہ کرے گی۔دوسری جانب روڈ فریٹ جوائنٹ وینچر کمپنی نقل و حمل کے نظام کو جدید بنائے گی اور زمینی راستوں کے ذریعے پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دے گی۔