اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جو یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا۔این ایچ اے حکام کے مطابق ٹول ٹیکس بڑھانے کا مقصد سڑکوں کی دیکھ بھال اور سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اس سے قبل، یکم جنوری کو بھی ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا تھا۔حکام کے مطابق مختلف گاڑیوں کے لیے نئے ٹول ریٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ چھوٹی گاڑیوں کے لیے 70 روپے، وینز کے لیے 150 روپے، بسوں کے لیے 250 روپے، دو اور تین ایکسل والے ٹرکوں کے لیے 300 روپے جبکہ بڑے ٹرکوں کے لیے 550 روپے ٹول مقرر کیا گیا ہے۔متعدد موٹرویز پر بھی ٹول ٹیکس میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
ایم ون (اسلام آباد-پشاور) موٹروے پر گاڑیوں کا ٹول 500 روپے سے بڑھا کر 550 روپے، ایم تھری (لاہور-عبدالحکیم) موٹروے پر 700 روپے سے بڑھا کر 800 روپے، ایم فور (پنڈی بھٹیاں-فیصل آباد-ملتان) موٹروے پر 950 روپے سے بڑھا کر 1050 روپے، ایم فائیو (ملتان-سکھر) موٹروے پر 1100 روپے سے بڑھا کر 1200 روپے، ایم 14 (ڈیرہ اسماعیل خان-ہکلہ) موٹروے پر 600 روپے سے بڑھا کر 650 روپے جبکہ ای 35 (حسن ابدال-حویلیاں-مانسہرہ) موٹروے پر 250 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کر دیا گیا ہے۔
بڑی گاڑیوں کے لیے ٹول ریٹ 850 روپے سے 5750 روپے تک مقرر کیا گیا ہے۔ این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور موٹرویز و شاہراہوں پر سفری سہولیات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575667