این ایچ اے کی سوشل میڈیا پر کراچی کو بلوچستان سے ملانے والا حب پل کے بارے میں وائرل ویڈیو کی وضاحت

86
National Highway Authority
National Highway Authority

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے سوشل میڈیا پر کراچی کو بلوچستان سے ملانے والا حب پل کے بارے میں وائرل ویڈیو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پل کا ڈھانچہ مستحکم ہے اور اس کے ڈھانچے کے بارے میں کوئی تشویش نہیں ہے۔ پل کی اصل صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے این ایچ اے کے ترجمان نے کہا کہ 500 میٹر طویل موجودہ پل 50 سال قبل تعمیر کیا گیا تھا جس کے 21 ستون ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ویڈیو میں یہ ستون سیدھے نظر نہیں آ رہے تھے جو در اصل پل کے ڈھانچے کا اصل ڈیزائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017-18ءمیں پل کی سروس لائف بڑھانے کے لئے پائلز کی جیکٹنگ کی گئی تھی۔ این ایچ اے پہلے ہی اسفالٹ اور پل کے جوڑوں کی ری پلیسمنٹ کا کام مکمل کر چکا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ حب پل کے مقام پر ریت، مٹی اور بجری نکالنے کے لئے ٹریکٹر مافیا کے اقدامات سے پل کے پلرز کے قدرتی سطح زمین کا لیول نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو تجویز پیش کی کہ پل کے نزدیک سے مٹی ریت اور بجری وغیرہ نکالنے پر سختی سے پابندی نافذ کی جائے۔ این ایچ اے بلوچستان نے حب پل کی مرمت اور بحالی کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ این ایچ اے کے سٹرکچرل ایکسپرٹ کرنل محمد اقبال کی تجویز پر حال ہی میں پل کے پرانے جوڑوں اور اسفالٹ کی مرمت اور تبدیلی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو بھی مطلع کیا گیا ہے اور آئندہ بھی مطلع کیا جائے گا۔ این ایچ اے بلوچستان مغربی زون کے رکن شاہد احسان اللہ کے علاوہ این ایچ اے کے سٹرکچرل ایکسپرٹ بھی پل کا تفصیلی معائنہ کرتے ہیں۔