اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)کے انجینئرز، تعمیراتی ماہرین اور کارکنوں نے سخت کوششوں کے بعد صوبہ بلوچستان میں شدید بارشوں، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والی 9 اہم قومی شاہراہوں اور موٹر ویز کو کھولنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
اتوار کو این ایچ اے کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین این ایچ اے ارشد مجید مہمند کی ہدایت پر این ایچ اے کے اہلکاروں نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ مقامات پر ضروری بھاری مشینری کا انتظام کیا۔
انہوں نے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے چوبیس گھنٹے کام کیا اور ژوب۔کچلاک۔دانسر، کوئٹہ چمن، قلعہ سیف اللہ۔لورالائی، لکپاس۔نوشکی۔نوکنڈی، کوئٹہ۔سبی۔جیکب آباد، کراچی۔خضدار۔کوئٹہ، گوادر۔خضدار۔وانگو ہل، کوسٹل ہائی وے (کراچی تا گوادر اور گوادر سے گبڑ) اور ہوشاب۔ناگ۔سوراب قومی شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔