اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی) نے پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں متوقع شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا، شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سمیت ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔منگل کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق پنجاب میں گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہوراورقصورمیں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، ننکانہ صاحب،چنیاں اور پاکپتن میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سمیت ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال بھی متوقع ہے۔آزاد کشمیر کے اضلاع بشمول نیلم ویلی، باغ، کوٹلی، راولا کوٹ، مظفرآباد اور حویلی میں اگلے 12تا24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اورپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔پہاڑی نالوں میں پانی کا تیز بہاؤ رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو متاثر کر سکتا ہے۔
دریائے ستلج کے بہاؤ میں اضافے اور ممکنہ سیلابی صورتحال پرپہلے ہی این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری ہے۔ متعلقہ اداروں نے ستلج کے قریبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر انخلاء کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب، ریسکیو 1122 اور پاک آرمی کے انجینئرز سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
عوام کو دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔عوام ٹی وی، ریڈیو، موبائل الرٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے جاری کردہ الرٹ اور ہدایات پر عمل کریں۔