این ای ڈی یونیورسٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
این ای ڈی یونیورسٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
کراچی۔ 28 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی موجودگی میں گورنر ہائوس کراچی میں ایوارڈ سائننگ تقریب، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے درمیان شراکت داری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ آج کی یہ تقریب پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل کے لیے ضروری ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی سہولت صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہے بلکہ سندھ کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی اس کے ثمرات حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی شراکت داری قومی سیمی کنڈکٹر شعبے کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سیمی کنڈکٹر انسانی وسائل کی ترقی کے پروگرام کے تحت سیمی کنڈکٹر تعلیم، تحقیق و استعدادِ کار میں اضافے اور یونیورسٹی سیمی کنڈکٹر تربیتی پروگرام کے ذریعے طلبہ کو جدید سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کی عملی تربیت، تحقیق اور ڈیزائن کے مواقع میسر آئیں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات اور ٹیکنالوجی کی صنعت کے درمیان مضبوط رابطہ قائم ہونے سے طلبہ کو صنعت کی ضروریات کے مطابق جدید مہارتیں حاصل کرنے کے بہتر مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس تعائون کے نتیجے میں پاکستان کے لیے باصلاحیت سیمی کنڈکٹر ماہرین کی نئی کھیپ تیار ہوگی، جو ملکی ٹیکنالوجی کی صنعت کو مضبوط بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کی مسابقتی حیثیت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، کلاڈ کمپیوٹنگ اور ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ رہی ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کو صرف ٹیکنالوجی کا صارف نہیں بلکہ اس کا تخلیق کار بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، انہیں مواقع، تربیت اور عالمی معیار کا ماحول فراہم کیا جائے تو وہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام دلا سکتے ہیں۔
سید محمد نہال ہاشمی نے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، یونیورسل سروس فنڈ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، این ای ڈی یونیورسٹی اور تمام متعلقہ اداروں کو ان قومی اقدامات پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس سندھ ایسے تمام منصوبوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا جو ڈیجیٹل شمولیت، نوجوانوں کی ترقی، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ہوں۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں مل کر ایسا ڈیجیٹل پاکستان بنانا ہے جہاں فاصلے ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ ہوں اور ہر نوجوان کو آگے بڑھنے کا موقع ملے۔








