این اے۔15 مانسہرہ ،الیکشن کمیشن نے درخواست پر سماعت منگل تک ملتوی کر دی

47
الیکشن کمیشن کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں آئے گا اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔15 مانسہرہ میں 125 پولنگ سٹیشنوں کے ووٹ فارم 47 میں شامل نہ ہونے سے متعلق امیدوار محمد نواز شریف کی درخواست پر سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن میں پیر کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بنچ نے محمد نواز شریف کی درخواست پر سماعت کی۔ نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون اور کامیاب امیدوار گستاسپ خان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔

نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے تاحال رپورٹ ہمیں نہیں دی گئی، اس کی رپورٹ پڑھے بغیر دلائل نہیں دے سکتے۔ گستاسپ خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آر او کی رپورٹ سب کو مل گئی ہے، دونوں امیدواروں میں ووٹ کا فرق 25 ہزار سے زائد ہے اس لئے اس کی دوبارہ گنتی نہیں ہو سکتی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کمیشن کا مؤقف ہے کہ حکم امتناعی جلد از جلد ختم ہونا چاہئے، حکم امتناعی کو ختم کرکے دلائل کیلئے مزید وقت دیا جا سکتا ہے۔

کمیشن نے تمام فریقین کو دستاویزات جمع کرانے کا حکم دیا۔ کمیشن نے کہا کہ حکم امتناعی ختم کرنے کی درخواست پر عبوری آرڈر جاری کریں گے، حکم امتناعی غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں کیا جا سکتا جس پر جہانگیر جدون نےکہا کہ الیکشن کمیشن ہمیں حتمی دلائل دینے کا موقع فراہم کرے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے اپنی رپورٹ میں 125 پولنگ سٹیشنز کے ووٹ شامل نہ ہونے کے دعوے کو مسترد کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو منگل کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔