این اے 262 کوئٹہ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ،پولنگ 16 جنوری کو ہوگی

109
Election Commission

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 262 کوئٹہ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا،پولنگ 16 جنوری 2025 کو ہوگی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعہ کو جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے منحرف ہونے والے رکن عادل خان بازئی کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہونے نشست پر کاغذات نامزدگی 4 سے 6 دسمبر تک جمع کروائے جا سکیں گے۔

امیدواروں کی ابتدائی فہرست 7 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 12 دسمبر کو ہوگی۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 16 دسمبر اور ٹربیونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے 21 دسمبر تک ہوں گے۔امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 22 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 23 دسمبر کو واپس لئے جاسکیں گے جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان 24 دسمبر کو الاٹ کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ سید سمیع اللہ کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ نعمت اللہ ترین کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیاہےجبکہ ان کے ہمراہ تحصیلدار سریاب شیر دل اور تحصیلدار سٹی ہمایوں خان کو اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کیا گیا ہے۔