این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات کا حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا ہم تسلیم کریں گے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

47

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات کا حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا ہم تسلیم کریں گے، تمام حلقوں کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہو چکے ہیں، قانون کے مطابق الیکشن کمیشن حتمی نتیجہ کا اعلان کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار شفاف ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن اپنا کام آزادانہ طور پر کر رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر عدالت گئے ہیں اور تمام معاملات میں الیکشن کمشنر کا کردار مثبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اور چیف سیکرٹری کو الیکشن کمیشن کو ضرور جواب دینا چاہیے، الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور تمام ادارے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرنے کے پابند ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پریس ریلیز جاری کرنا اس کا صوابدیدی استحقاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر پاکستان تحریک انصاف کے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے، وزیرآباد میں پی ٹی آئی کا امیدوار گزشتہ انتخابات میں ایک بڑے مارجن سے ہارا تھا جبکہ اس مرتبہ وزیر آباد کا الیکشن ہم صرف 5 ہزار ووٹوں سے ہارے ہیں، ڈسکہ میں ہونے والے گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی تھی جبکہ اس مرتبہ ہم پرامید ہیں کہ ہم یہ الیکشن جیت چکے ہیں، نوشہرہ میں پرویز خٹک اور لیاقت خٹک کے آپس میں اختلافات کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا اور وہاں پی ٹی آئی ضمنی الیکشن میں کامیاب نہیں ہو سکی۔