اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):منگل کو این سی او سی میں ہونے والے اجلاس میں ملک بھر میں ویکسی نیشن مہم کی پیشرفت اور مستقبل میں متوقع ضرورت کے مطابق ویکسین کی دستیابی کا ایک جامع جائزہ لیا گیا ،
اجلاس میں چیئرپرسن این سی او سی وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او سی میجر جنرل ظفر اقبال اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی ۔کورونا بیماری کے چارٹ کے موجودہ استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورم نے این پی آئیز کی ذمہ دارانہ تعمیل کے حوالے سے عوام کو سراہا جس نے انفرادی اور اجتماعی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے میں مدد کی۔
فورم نے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن میں ڈاکٹرز پیرامیڈیکس اور نرسنگ سٹاف شامل ہیں جو دوسروں کو مہلک کورونا وائرس کے خطرات سے بچانے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ فورم نے بحران سے متعلق ابلاغ میں اہم کردار اور مطلوبہ عوامی ردعمل پیدا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کے لیے میڈیا کی بھی تعریف کی۔
فورم نے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، علما کرام اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے معاون کردار کا بھی اعتراف کیا جو پاکستان کو کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بچانے میں مدد کے لیے اس وقت آگے آئے جب وبا نے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
ویکسی نیشن کے نظام کے نفاذ کو سراہتے ہوئے چیئرپرسن این سی او سی نے تمام وفاقی اکائیوں پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال سے مطمئن ہر گز نہ ہوں کیونکہ خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ فورم نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے والوں کو دوسری خوراک لگوانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئیں کہ دوسری خوراک لگانے کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ لوگوں کی قوت مدافعت کی سطح کو بڑھایا جا سکے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=280988