این سی اوسی نے اومیکرون کے پیش نظر کیٹگری سی ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد کر دی

168
این ای او سی

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):این سی اوسی نے اومیکرون کے پیش نظر کیٹگری سی ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد کر دی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی اوسی ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عالمی سطح پر کورونا کے بڑھتے کیسز کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اس دوران کیٹگری سی ممالک جن میں کروشیا، ہنگری ، نیدر لینڈ ، یوکرین ، آئر لینڈ ، سولونیا ، ویتنام ، پولینڈ ، سائوتھ افریقہ ،موزنبیق ، لیسوتھو ، ایسواتینی، بوٹسوانا، زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں، پر سفری پابندیاں عائدکر دی گئی ہیں ۔

این سی اوسی کے مطابق کیٹگری سی ممالک سے ضروری سفر کے لیے حکومتی استثنیٰ کمیٹی سے تمام حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ ’ ایگزمپشن سرٹیفکیٹ ‘ لینا ضروری ہوگا ۔ ہیلتھ پروٹوکول کے مطابق ان ممالک سے آنیوالے افراد مکمل ویکسی نیشن ہونا ضروری ہے اس کے علاوہ 6سا ل سے زائد عمر کے افراد کو روانگی سے 48گھنٹے قبل کی نیگٹو پی سی آر رپورٹ ساتھ لانا لازم ہوگی، ایسے افراد کا پاکستان آمد پر ایئر پورٹ پر ریپنڈ اینٹی جن ٹیسٹ ہوگا اور ریپڈ ٹیسٹ منفی آنیوالوں کو آگے جانے کی اجازت دی جائے گی ۔

این سی اوسی نے واضح کیا ہے کہ سائوتھ افریقہ ،موزنبیق، لیسوتھو، ایسواتینی، بوٹسوانا، زمبابوے اور نمیبیا سے آنیوالے ایسے افراد جن کا ریپڈ ٹیسٹ منفی ہو ان کے لیے تین دن قرنطینہ لازمی ہوگا ، ایسے افراد کا اگر پی سی آر ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو انہیں دس دن کے لیے قرنظینہ کیا جائے گا اور اگر دوبارہ 8ویں دن ٹیسٹ پازیٹو آتا ہے تو انہیں مزید قرنطینہ کیا جائے گا یا ڈاکٹروں کے مشورہ سے صحت کی سہولیات کے لیے منتقل کر دیا جائے گا ۔

کیٹگری بی ممالک جن میں جرمنی ، ٹوباگو ، آذربائجان ، میکسیکو ، سری لنکا ، روس ، امریکا ، برطانیہ ، تھائی لینڈ ، فرانس ، آسٹریا ، افغانستان اور ترکی شامل ہیں سے آنیوالے مسافروں کی مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے ۔ بی کیٹگری ممالک سے آنیوالے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔اے کیٹگری ممالک کے لیے بھی مکمل ویکسی نیشن اور پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔

اومیکرون سے بچائو کے لیے سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور قطر سے آنیوالی فلائٹس کے مسافروں کو انتظامیہ سکریننگ ٹیسٹ سے گزارے گی اور ایسے تمام مسافروں کے آر اے ٹیسٹ لیے جائیں گے ۔ کیٹگری سی ممالک سے آنیوالے پاکستانیوں کو استثنیٰ سرٹیفکیٹ کے بغیر 15دسمبر تک پاکستان آنے کی مہلت دی گئی ہے تاہم انہیں بھی تمام حفاظتی پروٹوکول اختیار کرنے ہوں گے ۔ استثنیٰ کیٹگری میں ایکسپائرڈ ویزا یا غیر قانونی امیگرنٹس ، ڈی پورٹ ہونے والے ، زیر التواءکورٹ کیسز ، طبی بنیادوں یا حاملہ خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔