اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):این سی اوسی نے 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔ منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی ) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا وباء اور شہروں میں عائد پابندیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ این سی اوسی نے کہا کہ دس فیصد سے زائد شرح والے شہروں گلگت ،مظفر آباد ، مردان ، کراچی ،حیدرآباد اور پشاورمیں مختلف پابندیاں جاری رہیں گی ۔
ان شہروں میں تمام قسم کے اجتماعات کے لیے انڈور پر پابندی جبکہ آئوٹ ڈور میں مکمل ویکسین شدہ تین سو افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی ۔ انڈور شادیوں پر پابندی ہوگی تاہم آئوٹ ڈور شادیوں میں مکمل ویکسین شدہ تین سو افراد تک شرکت کی اجازت ہوگی ۔
ریسٹورنٹس کے لیے انڈور کی پابندی برقرار رہے گی تاہم مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے آئوٹ ڈ ور پر کوئی پابندی نہیں ، ٹیک اوے چوبیس گھنٹے کھلے ہوں گے ۔ انڈور جم اور سینما ہالوں میں مکمل ویکسین شدہ پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ اجازت دی گئی ہے جبکہ مزارات کو پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی ۔ سیرو تفریح کے پارکس میں بھی پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ آ نے کی اجازت دی گئی ہے۔ کراٹے، باکسنگ، مارشل آرٹس، رگبی، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ پر پابندی ہوگی۔
ان شہروں میں تعلیمی اداروں کے اندر 12سال تک بچوں کو متبادل دنوں میں پچاس فیصد حاضری کے ساتھ آنے کی اجازت ہے تاہم 12سال سے زائد عمر کے افراد جومکمل ویکسین شدہ ہوں ان کی حاضری سو فیصد کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ نئی ہدایات کا نفاذ 21فروری سے ہوگا۔ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں تمام قسم کے انڈرو اجتماعات کے لئے تین سو افراد جو مکمل ویکسین شدہ ہوں کی اجازت دیدی گئی ہے جبکہ آئو ٹ ڈور کیلئے مکمل ویکسین شدہ پانچ سو افراد کے اجتماع کی اجازت ہو گی۔
شادیوں کی تقریبات کے حوالے سے این سی اوسی نے انڈور تین سو مہمانوں جبکہ آئو ٹ ڈور پانچ سو مہمانوں جو مکمل ویکسین شدہ ہوں کی اجازت دیدی ہے۔ ریسٹورنٹس میں انڈور اور آئوٹ ڈور کے لیے مکمل ویکسین شدہ افراد کو بیٹھنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ جبکہ جم کے لیے مکمل ویکسین شدہ افراد کو اجازت دیدی گئی ہے ۔ سینمائوں اور مزارات کو پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی ۔ کراٹے ، باکسنگ ، مارشل آرٹس ، رگبی ، واٹر پولو ،کبڈی اور ریسلنگ کے علاوہ تمام کھیلوں میں مکمل ویکسین شدہ افراد کی اجازت دیدی گئی ہے۔
ان شہروں میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 12سال تک کے بچوں کو کوویڈ پروٹوکول کے ساتھ تعلیمی اداروں کو کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی تاہم 12سال سے زائد عمر کے افراد کو مکمل ویکسی نیشن کے ساتھ تعلیمی اداروں میں آنے کی اجازت ہوگی۔ 12سال سے کم عمر کے بچوں کو متبادل دنوں میں 50فیصد حاضری جبکہ 12سال سے زائد عمر کے مکمل ویکسین شدہ 100فیصد حاضری کے ساتھ آنے کی اجازت ہوگی۔ میڈیکل مسائل کے علاوہ 12سال سے زائد عمر کے طالب علموں کے لئے ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لازمی قرار دیدی گئی ہے ۔
تمام تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن کی بھرپور مہم چلائی جائے گی ۔ دس فیصد سے کم شرح والے شہروں میں کاروباری سرگرمیوں میں اوقات کار کی بندش ختم کر دی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے لئے جاری ہدایات کے مطابق 70 فیصد گنجائش کے ساتھ مسافروں کو بٹھانے کی اجازت ہے تاہم پورے سفر میں ماسک کا استعمال لازمی ہوگا جبکہ ریلوے میں 80فیصد گنجائش کے ساتھ مسافر سفر کرسکیں گے۔ دفاتر میں مکمل ویکسی نیشن کے ساتھ سو فیصد حاضری کی اجازت دیدی گئی ہے۔
اندرون ملک پروازوں میں کھانا دینے پر پابندی ہوگی اور ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ تمام وفاقی اکائیاں مساجد و دیگر جگہوں پر ماسک کے استعمال و دیگر ضروری پروٹوکولز کا خیال رکھیں گی اور زیادہ خطرے والی جگہ پر ٹارگٹ لاک ڈائون بھی جاری رہے گا۔