اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):این سی اوسی نے تمام صوبوں کو ایس اوپیز پرسختی سے عملدرآمدکرانے کی ہدایت کی ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی ) کا اجلاس وفاقی و زیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوارڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی ۔
اجلاس میں ملک بھر میں آمد ورفت کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ 8سے 16مئی کے دوران ایس اوپیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ این سی اوسی کی ہدایت کے مطابق 8سے 16مئی کے دوران ملک بھر میں ضروری سروسز کے علاوہ تمام کاروبار بند رہیں گے ۔ ملک بھر میں مقامی اور باہر سے آنیوالے سیاحوں کے لیے تمام سیاحتی مقامات بند کر دیے گئے ہیں ۔
اس دوران ہوٹلز کی بکنگ منسوخ کر دی گئی ہیں ۔این سی اوسی نے کہا ہے کہ سیاحت کیلئے آنیوالے سیاحوں کو داخل ہونے کی اجاز ت نہیں بلکہ انہیں انہی راستوں سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ بین الصوبائی کے علاوہ انٹرا اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی رہے گی ۔ مختلف شہروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس پر این سی اوسی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام صوبوں کو ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے ۔