اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈآپیریشن سنٹر (این سی او سی)کے اجلاس میں کورونا مثبت کیسسز کے تناسب میں اضافے ، اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے اور اموات کی تعداد میں اضافے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ جمعہ کے روز این سی او سی کے اجلاس میں ماہرین صحت نے کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیٹا پر مبنی حقائق پیش کیے۔فورم کو بتایا گیا کہ مسلسل پانچویں دن کورونا کے مثبت کیسسز کا تناسب بڑھ رہا ہے۔پچھلے 4 دنوں میں اوسطاً کورونا کے مثبت کیسسز 40 فیصد زیادہ ہیں۔اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ مظفرآباد ، حیدرآباد ، کراچی اور گلگت میں ملک بھر کے دیگر علاقوں کی طرح کورونا کے مثبت کیسسز کا تناسب بھی زیادہ ہے۔ خاص طور پر پنجاب میں اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے داخلوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ اسپتالوں میں تشویشناک حالت میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسسز سے متعلق فورم کو اپ ڈیٹ کیا۔ یکم ستمبر کو پنجاب میں اموات کا تناسب 1.6 فیصد تھا اور آج یہ 6 فیصد ہے۔پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسسز کا تناسب 92. فیصد سے 1.33 فیصد تک بڑھا ہے۔اسی طرح سےپاکستان کی موجودہ صورتحال میں کورونا کیسسز کی شرح عالمی سطح پر 2.72 فیصد کے مقابلہ میں 2.06 فیصد ہے۔ کل اموات کا 71 فیصد مرد ہیں جن میں 76فیصد 50 سال سے زیادہ کی عمر میں ہیں۔فورم پیر کے روز تمام صورتحال کا از سر نو جائزہ لینے کے بعد نئی سفارشات مرتب کرے گا۔