اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ہفتہ کو متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں اور کورونا وائرس کیسسز میں اضافے اور ملک بھر میں ایس او پیز کے بارے میں بڑے پیمانے پر عوامی آگہی مہم کو تیز کیا جائے۔ این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے اعدادوشمار، کورونا وائرس کےموجودہ مثبت کیسسز کے تناسب ، مائیکرو اور سمارٹ لاک ڈاون، رابطہ ٹریسنگ اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔فورم کو بتایا گیا کہ گذشتہ تین ہفتوں سے کورونا وائرس کے مثبت کیسسز کا تناسب بڑھ رہا ہے جبکہ دیگر تمام اشارے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کررہے ہیں۔فورم کو بتایا گیا کہ ایس او پیز پر عمل کرنے میں کسی قسم کی غلطی کی اجازت نہیں دی جاسکتی خاص طور پر ماسک پہننے اور سماجی دوری پر عملدرآمد نہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے کیونکہ اس سے یہ بیماری بڑھ سکتی ہے۔ فورم نے تمام متعلقہ حکام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اقدامات کو بہتر بنانے اور حفاظتی اور صحت کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ تاہم عوام الناس کی آگاہی کے لئے موثر میڈیا مہم کو دوبارہ وسیع پیمانے پر شروع کیا جائے گا جن میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے آگہی دی جائے گی۔