این ٹی ایس خیبر ایجنسی کے مستحق طلباءکو 10 ملین روپے کے سکالرشپ دے گی

148

اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) خیبر ایجنسی کے مستحق طلباءکو 10 ملین روپے کے سکالرشپ دے گی۔ اس سلسلہ میں منگل کو این ٹی ایس اور خادم الخلق فاﺅنڈیشن خیبر ایجنسی کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام مہمان خصوصی تھے۔ ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایم او یو کی تقریب میں این ٹی ایس کے سی ای او ڈاکٹر شیرزادہ خان اور خادم الخلق فاﺅنڈیشن خیبر ایجنسی کے چیئرمین فاروق آفریدی نے دستخط کئے۔ ایم او یو کے تحت این ٹی ایس خیبر ایجنسی کے 7 ویں سے 12 ویں جماعت تک کے مستحق طلباءکو ٹیوشن فیس، بیگس، یونیفارم، جوتے، کتابیں اور وظائف دے گی۔ ابتدائی طور پر یہ معاہدہ دو سال تک کی مدت کیلئے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر این ٹی ایس کے سی ای او ڈاکٹر شہزادہ خان نے کہا کہ این ٹی ایس ملک کا بااعتماد ادارہ ہے جو میرٹ کو یقینی بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس نے معاشرے کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے سی ایس آر کے تحت ایک شعبہ قائم کیا ہے جس کے ذریعے مستحق طلباءو طالبات میں سکالر شپ تقسیم کئے جاتے ہیں۔