این پی سی آئی ایچ اے ضلع سانگھڑ کیجانب سے یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا

110
Kashmir Solidarity Day

حیدرآباد۔ 05 فروری (اے پی پی):این پی سی آئی ایچ اے ضلع سانگھڑ کیجانب سے بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں محمدی چوک سے پریس کلب تک کشمیریوں کے حق میں ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت این پی سی آئی ایچ اے صوبائی نائب صدر مظہر چانڈیو، لیڈیز ونگ سندھ کی چیئرمین آپا بلقیس نے کی۔ ریلی میں گل بھار خاصخیلی، سرپرست اعلی سانگھڑ دانیال خلجی، سینئر رہنما ناصر قریشی، چیئرمین ٹنڈوآدم رانا صداقت، ارشد اعوان، اسلم پٹھان، لطیف لغاری سمیت این پی سی آئی ایچ اے کے عہدیداران میمبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ ریلی کے اختتام پر این پی سی آئی ایچ اے کے صوبائی نائب صدر سندھ مظہر چانڈیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالنے کا مقصد یہ ہے کہ آزادی اور حق خود ارادیت جو کہ کشمیریوں کا بنیادی حق ہے انہیں ملنا چاہیے۔ ہم سب کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان اور انشاء اللہ کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا ہم ہر سطح پر اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزادی کے حصول تک ٹھہرے رہیں گے۔ کشمیریوں نے آزادی کے حصول کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشاء اللہ کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا۔ اس موقع پر دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور انہیں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔