این ڈی ایم اے کا خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کیلئے برفانی جھیل کے آؤٹ برسٹ فلڈ کا الرٹ جاری

163
Barfani Lake

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے برفانی جھیل کے آؤٹ برسٹ فلڈ (جی ایل او ایف) الرٹ جاری کیاہے۔

این ای او سی نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں ممکنہ جی ایل او ایف کے بارے میں خبردار کیا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور 17 سے 23 جولائی 2024 کے دوران موسلادھار بارش سے مقامی دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ضروری تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی کمیونٹیز، سیاحوں اور مسافروں کیلئےخطرہ کا سبب بننے والے علاقوں میں الرٹ جاری کیا جائے اور مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ لوگوں کے بروقت انخلا اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کمزور علاقوں میں بھی فرضی مشقیں کی جائیں۔واضح رہے کہ این ڈی ایم اے نے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن لانچ کی ہے، جو گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس ایپ اسٹور پر دستیاب ہے، تاکہ عوام کو بروقت الرٹس، مشورے اور رہنما خطوط فراہم کیے جا سکیں۔