اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے آئندہ 48 گھنٹوں کے لئے دریائے راوی پر درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا اور شہریوں سے دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
پیر کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دریائے راوی اور اس کے ملحقہ ندی نالوں میں شدید بارشوں کے باعث تھین ڈیم 1717 فٹ کے ساتھ86 فیصد تک بھر چکا ہے ، تھین ڈیم سے پانی کے اخراج اور بھارتی نالوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث دریائے راوی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، پیر پنجال رینج کے نالوں بشمول بین، بسنتر اور ڈیک میں آئندہ 24 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے بہاؤ کا خدشہ ہے،دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر پانی کا حالیہ بہاؤ64,000 کیوسک تک ریکارڈ کیا گیا ہے،
آئندہ 24 گھنٹوں میں جسر کے مقام پر درمیانے درجے تک کاسیلاب متوقع ہے، ڈیم سے اخراج کی صورت میں سیالکوٹ، نارووال، قصور اور گردونواح کے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔این ڈئی ایم اے نے شہریوں سے دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ٹی وی، ریڈیو، موبائل الرٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے جاری کردہ الرٹ اور ہدایات پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔