این ڈی ایم اے کا کورونا صورتحال بارے جائزہ اجلاس، چیئرمین کی آگاہی مہم شروع کرنے اور مسافروں کی نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت

این ڈی ایم اے کا کورونا صورتحال بارے جائزہ اجلاس، چیئرمین کی آگاہی مہم شروع کرنے اور مسافروں کی نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے کوروناوائرس سے بچائو کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے اور مسافروں کی نگرانی کو برقرار رکھنے کے لئے ہدایات کر دی ہیں۔

کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ بی ایف۔7 سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرے کے پیش نظر کورونا صورتحال اور ہوائی اڈوں پر نگرانی کے حوالے سے پیر کو قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ )اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) کی ٹیم کے ساتھ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

قومی ادارہ صحت نے بریفنگ کے دوران پاکستان میں کورونامینجمنٹ اور ویکسی نیشن ایڈمنسٹریشن ڈیٹا کے اعداد و شمار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رائج پالیسی کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ اور پولیمریز چین ری ایکشن ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔

این آئی ایچ حکام نے بتایا کہ طورخم بارڈر پر سرحد پار کرنے والے افراد کی ویکسی نیشن اور سکریننگ روزانہ کی بنیاد پر کی جار ہی ہے۔ اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ تمام ایئر پورٹس پر انتظامی ٹیم مامور کرنے کے ساتھ موثر سکریننگ نظام مکمل طور پر فعال ہے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک کی انسداد کورونا حکمت عملی اور قومی تیاری پر اطمینان کو اظہار کیا اور این آئی ایچ کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں، سماجی اجتماعات اور کمیونٹیز کے لئے احتیاطی تدابیر جاری کریں اور عوام اورمعاون اداروں کوآگاہ رکھنے کے لئے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کریں۔ انہوں نے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کا دیگر ممالک میں پھیلاؤ اور مختلف ممالک میں اس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات کی مسلسل نگرانی پر زور دیا۔