کورین ادارے KOICA کا نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کو آر او واٹر پلانٹ کا عطیہ، 3200 طالبات مستفید ہوں گی

کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) پاکستان آفس نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کو ریورس اوسموسز (آر او ) واٹر پیوریفکیشن پلانٹ عطیہ کیا ہے

فیصل آباد ۔ 04 نومبر (اے پی پی):کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) پاکستان آفس نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کو ریورس اوسموسز (آر او ) واٹر پیوریفکیشن پلانٹ عطیہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے ترجمان نے آج یہاں بتایا کہKOICA پاکستان آفس اور KOICA ایلومنائی ایسوسی ایشن پاکستان (KAAP) کے اشتراک سے یہ پلانٹ آج ورکنگ پوزیشن میں یونیورسٹی کے حوالے کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد یونیورسٹی میں زیر تعلیم تقریباً 3200 طالبات کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور صحت مند تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ہے۔

حالیہ حوالگی کی تقریب میں NTU کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد قمر خان، رجسٹرار سلمان سیف، ڈین فیصل آباد بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد بیگ، ڈائریکٹر ورکس پروفیسر ڈاکٹر طلحہ علی ہمدانی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر دانش بے تاب، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میٹریلز ڈاکٹر عثمان اور KOICA پاکستان آفس کے کنٹری ڈائریکٹر ڈونگل اوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈم سوڈام بیک، سینئر کوآرڈینیٹر مسٹر سیہیوک مون اور کوآرڈینیٹر مسٹر سونگ نے شرکت کی۔

مقررین نے اس اقدام کو طالبات کی فلاح و بہبود اور بہتر تعلیمی ماحول کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ یہ منصوبہ KOICA اور اس کے ایلومنائی نیٹ ورک کے درمیان تعاون کی بہترین مثال ہے۔