اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی ہدایات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ عوام کو ہنگامی امداد کی ترسیل کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے 13ویں کھیپ روانہ کر دی ہے۔ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 100 ٹن امدادی سامان میں خیمے اور کمبل وغیرہ شامل ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی کھیپ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے عمان (اردن) کے لیے غزہ کی عوام کے لیے روانہ کی گئی ہے۔ابتک حکومت پاکستان مجموعی طور پر 1,381 ٹن امدادی سامان غزہ اور لبنان کے متاثرہ لوگوں کے لیے بھیج چکی ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ امدادی کھیپ روانگی کی تقریب میں پارلیمنٹیرین بیرسٹر عقیل ملک، فلسطین کے پاکستان میں سفیر زہیر ایم ایچ درزید، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور پاک آرمی کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کے دوران شرکانے فلسطین اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مصیبت میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھنے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔فلسطینی سفیر نے پاکستان کے عوام کی جانب سے غزہ کے لیے غیر متزلزل حمایت اور فراخدلانہ امداد پر تشکر کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہنگامی امداد نہ صرف ضروری سامان کی فراہمی کے لیے اہم ہے بلکہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے انسانی جذبہ ہمدردی اور اتحاد کا مضبوط پیغام بھی ہے۔اب تک پاکستان نے غزہ اور لبنان کو مجموعی طور پر 12 کھیپیں بھیجی ہیں، جن میں 1281 ٹن امدادی سامان شامل ہے۔
ان میں سے 10 کھیپیں (1,151 ٹن) غزہ کے لیے بھیجی گئیں جبکہ دو امدادی کھیپیں (130 ٹن) لبنان کو بھیجی گئیں، اس کے علاوہ جنگ زدہ علاقے سے 71 پاکستانی شہریوں کا محفوظ انخلا بھی کیا گیا۔حکومت پاکستان نے وزیر اعظم ریلیف فنڈبرائے غزہ اور لبنان” کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ بھی قائم کیا ہے۔ اس فنڈ کا مقصد غزہ اور لبنان میں جنگ سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مدد کے لیے عوامی عطیات جمع کرنا ہے۔