این ڈی ایم اے کی تیز بارشوں کے امکان کے پیش نظر سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور موسمی نالوں میں طغیانی جیسے ممکنہ خطرات کے تدارک کیلئے ایڈوائزری جاری

105
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کے امکان کے پیش نظر سیلاب کی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور موسمی نالوں طغیانی جیسے ممکنہ خطرات کے تدارک کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی۔

پیر کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اگلے 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مختلف علاقوں میں تیز بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈنگ اور موسمی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اسی طرح جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ہل ٹورنٹ کا خطرہ برقرار رہیگا جبکہ دریائوں میں تیز بہائو اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ خطرات کے تدارک کیلئے عوام کی پیشگی اطلاع و حفاظتی تدابیر کی تشہیر کی جائے۔

حساس علاقوں کی جانب ٹریفک کی منظم نگرانی کی جائے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھی جائے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی نقل مکانی کیلئے انتظامات کیے جائیں۔