اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کی جانب سے غزہ اور لبنان کی جنگ زدہ عوام کے لیے فلاحی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 14ویں امدادی کھیپ کراچی سےلبنان کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔ اتوار کو جاری بیان کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے این ڈی ایم اے کی جانب سے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں ادویات، تیار خوراک، خیموں، گرم کپڑوں اور خشک دودھ پر مشتمل 17 ٹن سامان لبنان کے لیے روانہ کیا گیا۔
امدادی ساما ن جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ کراچی سے بیروت، لبنان کے لیے روانہ ہوا۔سامان روانگی تقریب میں وفاقی وزیر برائےبحری امور قیصر احمد شیخ ، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کراچی پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے فلسطین اور لبنان میں جاری جنگی صورتحال اور وہاں کی عوام کی ضروریات کے پیش نظر متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو بڑھانے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان کی جانب سے فلسطین اور لبنان کے لیے امدادی سامان کی یہ 14ویں کھیپ ہے۔
اس سے قبل فلسطین کے لیے 11 جبکہ لبنان کے لیے تین امدادی کھیپ بھیجی گئی ہیں۔مجموعی طور پر امداد کا حجم 1,398 ٹن ہے۔ حکومت پاکستان لبنان اور فلسطین کی جنگ زدہ عوام کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر "غزہ اور لبنان کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈ” کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ کے قیام کا اعلان بھی کیاتھا جس کے ذریعے عوام کی جانب سے عطیہ کی گئی امداد اکٹھی کی جائے گی تا کہ غزہ اور لبنان کے مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مددہو سکے۔