اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے )کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی راشن کی ترسیل جاری ہے،این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امداری راشن فرا ہم کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب کے 6 متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی راشن کی ترسیل کی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کی نجی شعبے اور صنعتوں کے تعاون سے قومی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اتھارٹی کی جانب سے اتوار کو وزیرآباد اور حافظ آباد کے لیے امدادی راشن پر مشتمل 4، 4 ٹرکوں کا قافلہ روانہ کر دیا گیا ہے۔
ایک راشن بیگ کا وزن 46 کلوگرام اور 22 اشیاء پر مشتمل ہے۔ اسی طرح این ڈی ایم اے نارووال اور سیالکوٹ میں امدادی سامان بھجوا چکا ہے جبکہ چنیوٹ اور جھنگ کے لیے امدادی راشن کی ترسیل کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے مزید امدادی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔این ڈی ایم اے متاثرین کی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔