اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) اور گلگت بلتستان (جی بی) کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ ہفتہ کی رات کو طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے سسٹم پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جو مغربی ہواؤں کے نظام کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان اور کشمیر میں شام/رات کو آندھی اور گرج چمک کیساتھ شدید بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
مقامی ندی نالوں میں اچانک پانی بڑھنے سے سیلاب کا خطرہ ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ندی نالوں اور دریاؤں میں سیلاب کا امکان ہے،پہاڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی بندش اورسیلاب زدہ علاقوں میں املاک کو نقصان کا خطرہ ہے۔پہاڑی ڈھلوانوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے،مواصلات اور بجلی کی فراہمی میں خلل ممکن ہے۔عوام ندی نالوں اور ڈھلوانوں کے قریب جانے اورغیر ضروری سفر سے گریز کریں،نکاسی آب کے نظام کی صفائی یقینی بنائیں۔سیاح بلند مقامات اور وادیوں کے سفر سے گریز کریں۔
گھریلو اشیاء اور مویشیوں کو سیلابی ریلے سے محفوظ مقام پر منتقل کریں۔این ڈی ایم اے کے مطابق آج شام سے رات کے دوران خیبر پختونخوا کے اضلاع میں طوفان ، آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہاٹ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور گردونواح میں شام سے رات تک بارش، گرج چمک اور آندھی کی متوقع ہے۔گرج چمک اور آندھی سے کمزور درخت اکھڑ سکتے ہیں اور بجلی کی عارضی بندش ہو سکتی ہے۔
گردوغبار اور تیز ہوائیں کمزور عمارات، گاڑیوں، چھتوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔بارش اور گردوغبار سے حد نگاہ کم ہونے سے سڑک حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔درختوں، بل بورڈز اور غیر محفوظ ڈھانچوں سے دور رہیں۔ گاڑیوں کو محفوظ اور ڈھکی جگہ پر پارک کریں۔ طوفان کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔