این ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب میں سموگ کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کے امکان پر احتیاطی تدابیر پر مبنی سموگ ایڈوائزری جاری

150
Smog advisory

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر مبنی سموگ ایڈوائزری جاری کر دی۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ موسمیاتی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران وسطی اور جنوبی پنجاب بشمول گوجرانوالہ، ملتان، لاہور، بہاولپور ،فیصل آباد میں سموگ کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سرگودھا، ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژن جیسے علاقے بھی سموگ کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد ،راولپنڈی ڈویژن میں بھی ایئر کوالٹی انڈیکس معتدل سے خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری سموگ کے لیے احتیاطی تدابیر میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سموگ کے دوران اپنی بیرونی سرگرمیوں کو محدود کریں،

بوقت ضرورت باہر جاتے وقت ماسک پہنیں۔ علاوہ ازیں مقامی ہوا کے معیار کی سطح کے بارے میں آگاہ رہیں جبکہ نظام تنفس کو سموگ کے اثرات سے بچانے کے لیے پانی کااستعمال زیادہ کریں۔