اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اتوار کو فلسطین، لبنان اور شام میں جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 50 ٹن انسانی امداد کی 23 ویں امدادی کھیپ روانہ کی ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت کے تحت فلسطین (1,320 ٹن)، لبنان (372 ٹن) اور شام (111 ٹن) میں متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے لیے اب تک مجموعی طور پر 1,803 ٹن امدادی سامان پہنچایا جا چکا ہے۔
امدادی سامان میں ٹن پیک گوشت، پاؤڈر دودھ، حفظان صحت کی کٹس، کپڑے، کمبل، خیمے اور سلیپنگ بیگز شامل تھے۔ یہ امداد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے اردن بھیجی گئی۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں این ڈی ایم اے ، وزارت خارجہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان لبنان، شام اور فلسطین میں جنگ سے متاثرہ کمیونٹیز کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔