اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کی سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف و ریسکیو آپریشن کےلئے معاونت جاری ہے،پی ڈی ایم اے پنجاب کی درخواست پر سیلاب متاثرین کے لیے راشن کی ترسیل کی گئی ، سیالکوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےلئے 500 اور نارووال کے لیے 500 راشن بیگز مہیا کر دیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان کے راشن بیگز 46 کلوگرام اور 22 اشیاء پر مشتمل ہیں،امدادی سامان متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔این ڈی ایم اے نے سیالکوٹ اور نارووال کے لیے امدادی سامان پر مشتمل کل 8 ٹرکوں کا قافلہ روانہ کر دیا جبکہ وزیرآباد، حافظ آباد، چنیوٹ اور جھنگ کے لیے راشن ٹرک آئندہ چند دنوں میں روانہ کئے جائیں گے۔ این ڈی ایم اے نے وزیرآباد میں 500، حافظ آباد میں 500،چنیوٹ میں 1000 اور جھنگ میں 1200 راشن پیک کی ترسیل کا پلان تیار کیا ہے۔
این ڈی ایم اے پیر کو بھی 4ہزار 200 راشن بیگز پنجاب کے آفت زدہ علاقوں میں بھجوائے گا، امدادی راشن پیک سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں، ان میں بنیادی غذائی اشیا اور دیگر ضروریات شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔