اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نےعید کی تعطیلات کے دوران مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ،اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے نئی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
جمعرات کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مون سون سسٹم مسلسل داخل ہو رہا ہے اور عید کی تعطیلات کے دوران یعنی 9 اور 10 جولائی سے اس کے مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔
نتیجتاً ملک کے مختلف حصوں میں آندھی/گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ وفاقی وزارتوں/محکموں، صوبائی حکومتوں، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز، ان کے منسلک محکموں بشمول ضلعی انتظامیہ ، میونسپل ایڈمنسٹریشنز اور میٹروپولیس کو چوکس رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کے لئے تازہ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
عید کی تعطیلات کے دوران متوقع صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے این ڈی ایم اے نے ریسکیو/ایمرجنسی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش/سیلاب کیوجہ سے ہونے والے کسی بھی واقعے سے نمٹنے کے لئے عملہ اور سامان دستیابی یقینی بنائیں.
این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ایڈوائزری دی ہے کہ وہ اربن فلڈنگ کی صورت میں ڈی واٹرنگ پمپس اور انکو چلانے کیلئے جنریٹرز اور پٹرول کی دستیابی کے ساتھ ضروری انوینٹری/آلات کی پہلے سے تنصیب کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں میونسپل کارپوریشنز کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کے دوران نالوں کی صفائی اور سولڈ ویسٹ منیجمنٹ کو یقینی بنائیں تاکہ موسلا دار بارش کی صورت میں نالوں میں پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے ،
این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیشنل ہائے وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورک آرگنائزیشن اور سول اینڈ ورکس کی معاونت سے سڑکوں کی بحالی اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں ضروری مشینری کی پہلے سے موجودگی کو یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام اور محکموں پر زور دیا ہے کہ وہ مون سون کے دوران عوام کے لیے ضروری احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کے لئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں۔