این ڈی ایم اے کی متوقع بارشوں، نشیبی و پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور سیلاب کے امکان کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات

177
NDMA

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ چند روز میں متوقع بارشوں اور ان کے نتیجے میں نشیبی و پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ و سیلاب کے امکان کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

چیف آف سٹاف این ڈی ایم اے کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے نئے سلسلے اور اس کے متوقع امکانات کے حوالے سے این ای او سی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں این ای او سی،پی ایم ڈی،ایف ایف ڈی اور پی ڈی ایم اے پنجاب نےآئندہ بارش ممکنہ سیلاب کے امکانات اور موجودہ ریسکیو و انخلاکی صورتحال پر بریفنگ دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ چندروز میں ہونےوالی بارشوں کے ممکنہ اثرات میں نشیبی وپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ و سیلاب کا امکان ہو سکتا ہے۔چیف آف سٹاف نے موجودہ اور آئندہ بارش سے پیدا ہونےوالی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دیں۔