این ڈی ایم اے کی ملک میں پیر سے بدھ تک طوفانی بارشوں کے سلسلے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

155

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے ملک میں کل پیر سے بدھ تک طوفانی بارشوں کے سلسلے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ۔اتوار کو ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق پیر 20 تا بدھ 22 جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا،تیز بارشوں کے اس سلسلے کے باعث خیبر پختونحوا ،گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں/دریاؤں میں طغیانی، اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔

این ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی وزارتوں، انکے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، صوبائی، گلگت بلتستان، اسٹیٹ اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایت کردی تاکہ کسی بھی قسم کے متوقع جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے، ایمرجنسی مشینری و عملہ بشمول نشیبی علاقوں کے لئے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرےتا کہ موسم کی وجہ سے رہائشی علاقوں میں سیلابی پانی سے نمٹنے اور راستے بلاک ہونے کی صورت میں بر وقت اقدامات کیئے جا سکیں۔لوکل ریسکیو سروسز ڈیپارٹمنٹس سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں خصوصاً سیاحتی مقامات کی جانب گامزن عوام الناس کو غیر ضروری نقل و حرکت سے محتاط رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں۔

مزید برآں نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محتاط رہتے ہوئے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے متعلقہ ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر مطلع کر یں،قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول موٹروے/ٹریفک پولیس شمالی علاقہ جات کی جانب سفر کرنے والے مسافر و سیاحوں کو متوقع بارشوں اور راستوں کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھیں۔