این ڈی ایم اے کی موسم سرما سے متعلق ایڈوائزری ، ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

191

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے موسم سرما سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئےمقامی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کو چوکس رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی آئندہ ہفتے کے لئے موسمی رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں موسم زیادہ تر سرد رہنے کا امکان ہے جہاں چند مقامات پر بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

جبکہ پنجاب میں 7 تا 12 دسمبر کے دوران سموگ/دھند کے ساتھ سرد اور خشک موسم جبکہ اسلام آباد سمیت پوٹھوہار ریجن ، راولپنڈی ، اٹک میں موسم ابر آلود اور بارش کا امکان ہے۔ صوبہ سندھ میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کو چوکس رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

مزید برآں، سموگ سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنے سے پرہیز کریں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ استعمال کریں۔