اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پاراچنار میں سڑکوں کی بندش کے باعث ادویات کی شدید قلت سے نمٹنے کے لیے ہنگامی امدادی کارروائی شروع کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، این ڈی ایم اے نے وزارت صحت کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد کو یقینی بنانے کے لیے ایک ہزار کلو گرام سے زائد ضروری ادویات کی نقل و حمل کا تیزی سے انتظام کیا۔
دو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات کو اسلام آباد سے پاراچنار کے لیے روانہ کیا گیا۔ این ڈی ایم اے کی مربوط حکمت عملی عوامی صحت کے تحفظ اور بحران کے وقت شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔