اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے زیر اہتمام آفات کے تدارک کیلئے تین روزہ بین الاقوامی نمائش آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہوگی ۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 3 روزہ نمائش 23 تا 25 اپریل پاک چین فرینڈشپ سینٹر میں منعقد ہو گی۔ اس سال کے ایکسپو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک، جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم سمیت دنیا بھر کے 44 ممالک کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ اس نمائش کے ذریعے آفات کے خطرات سے آگاہی، پیشگی تیاریوں اور تحقیق کو فروغ ملے گا۔
ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی نمائش این ڈی ایم اے کی عوامی سطح پر آفات سے بچاؤ اور قبل از وقت تیاری میں اہم کردار ادا کریگی۔ گزشتہ سال کی پاکستان ایکسپو کی کامیابی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، حالیہ سال ایکسپو آن ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پی آئی ای ڈی آر آر۔2024 کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد عالمی آفات سے نمٹنے اور مستحکم معاشرہ بنانے کے لئے مکالمے، تعاون اورتجربات کے تبادلے کو فروغن دینا ہے۔پی آئی ای ڈی آر آر۔2024 مقصد آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے کلیدی مقاصد کے حصول کے لئے اوردنیا بھر میں مشترکہ اقدامات اور تحقیق کے لیے باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ آفات سے نمٹنے کے شعبہ کے عالمی ماہرین اور پالیسی سازوں کے درمیان تجربات کے تبادلے کے لیے اہم پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
پی آئی ای ڈی آر آر ۔2024 آفات سے محفوظ اور مستحکم دنیا کے لئے متوقع اقدامات، عملی سفارشات پر غور و خوض کے لئے عالمی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ اس ایکسپو میں متعدد ممالک سے اعلیٰ سطح کے معززین، حکومتی عہدیداروں، پالیسی سازوں، ماہرین،آفات سے نمٹنے کے شعبہ سے منسلک افراد، عالمی تعلیمی اداروں کے نمائندگان، اور تھنک ٹینکس سمیت دیگرشرکاء کی آفات کے خطرات کے تدارک کے حوالے سے سیمینارز، گروپ ڈسکشنز، اگنائٹ سیشنز اور عالمی فرضی مشقوں میں شرکت کر یں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی ای ڈی آر آر۔2024 ایک متحرک اور موثر پروگرام ہو گا جس میں دنیا بھر سے متعلقہ افراد آفات کے خطرات کے تدارک کے لئے مثبت اقدامات کے لئے شرکت کریں گے، ہم اس اہم تقریب میں آپ کی شرکت کے منتظر ہیں۔