اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے وفد نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی قیادت میں ایشین ڈیزاسٹر پریپریڈنس سینٹر (اے ڈی پی سی) کے 5ویں بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں شرکت کی۔
ہفتہ کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہےکہ اس مشترکہ کوشش کا مقصد پورے خطے میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ وفد نے تھائی ملٹری ڈیپارٹمنٹ آف ڈویلپمنٹ اور ڈیزاسٹر ریلیف ٹریننگ سینٹر کا دورہ بھی کیا۔یہ تبادلہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریلیف کی کوششوں میں علم کے تبادلے اور صلاحیت سازی کو فروغ دیتا ہے۔
این ڈی ایم اے ٹیم نے تھائی ڈیزاسٹر پریوینشن اینڈ مٹیگیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کام کیا اور ان کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔ جس کے تحت بات چیت تباہی کے خطرے کو کم کرنے کی حکمت عملیوں اور تعاون پر مرکوز تھی ۔دوروں کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے پاکستان میں پیشگی کارروائیوں کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان اقدامات کو تھائی لینڈ میں ان کے خطرے کی پروفائل کے مطابق کیسے نافذ کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح پاکستان تھائی لینڈ کے پیشگی اقدامات کے پروٹوکول سے سیکھنے کے ساتھ ساتھ این ڈی ایم اے کے تھنک ٹینک نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم) کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی میں دلچسپی لے گا۔ انہوں نے 2024 کے لیے ایشیا پیسیفک کے آئی این ایس اے آر اے جی(انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ) کے چیئرمین کے طور پر پاکستان کی حیثیت کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے پاکستان اور تھائی لینڈ پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی لچک کے منصوبوں کے لیے وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے ڈونرز اور مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری قائم کر کے ہم آہنگی پیدا کر سکتے ہیں۔باہمی تعاون کی کوششوں کو بڑھانے کے لیے انہوں نے مشترکہ نقلی مشقیں تجویز کیں جو خاص طور پر تلاش اور بچاؤ ٹیموں کے لیے تیار کی گئی تھیں۔
پاک این ڈی ایم اے نے اے ڈی پی سی بورڈ آف ٹرسٹیز کے اراکین، تھائی لینڈ کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہم منصب اور تکنیکی ٹیم کو این ڈی ایم اے کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کے این ای او سی کی صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا جا سکے۔