ایوان بالاءکے زیر اہتمام نیشنل پارلیمنٹرین کانفرنس بدھ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی، چیئرمین سینیٹ

67

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) ایوان بالاءکے زیر اہتمام نیشنل پارلیمنٹرین کانفرنس کا انعقاد بدھ کو کنونشن سینٹر میں ہوگا۔ کانفرنس میں صدر پاکستان، اسپیکر قومی اسمبلی، اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کے علاوہ صوبائی و قانون ساز اسمبلیو ں کے نمائندے خطاب کریں گے۔ کانفرنس کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی پر مفصل روشنی ڈالی جائے گی، پارلیمنٹرین کانفرنس سے عالمی برادری پر واضح کیا جائے گا کہ مقبوضہ کشمیر کے واقعات سے کسی بھی قسم کی چشم پوشی شدید خطر ات کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے حالیہ اقدامات غیر قانونی اور اقوام متحدہ کے قراردادوں کے منافی ہیں جن کی ملکی و بین اقوامی سطح پر تشہیر کرنا انتہائی ضروری ہو چکا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ کرفیو کی وجہ سے نہتے کشمیری بدستور اپنے گھروں کی چار دیواری میں محصور ہو چکے ہیں وہاں کھانے پینے کی اشیاءاور ادویات نا پید ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا عملاً دنیا سے رابطہ کٹ چکا ہے جو بھارتی مظالم کو مکمل طور پر آگاہ کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں رہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر اور لا قانونیت کا ماحول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو اقوام عالم میں باور کرانے کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اگر بھارتی جنونی عزائم کے آگے بند باندھنے کا کوئی اقدام نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منعقد ہ پارلیمنٹرین کانفرنس میں اقوام عالم کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا حل ناگزیراور فوری حل طلب ہے۔